کاسرگوڈ28؍جون (ایس او نیوز) کاسرگوڈ سے دبئی کے لئے روانہ ہونے والے 2خاندانوں کے 11افراد15جون سے بڑے ہی پراسرار انداز میں لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
کاسرگوڈ پولیس کے پاس چیمناڈ منڈاکولا کے رہنے والے عبدالحمید کی جانب سے درج کی گئی پہلی شکایت کے مطابق حمید کی دختر نصیرہ(25سال)، اس کا شوہر صواد(35سال) ان کے بچے مصعب (6سال)، مرزانہ (3سال)، مزمل (11مہینے)اورصواد کی دوسری بیوی رحمت(25سال) دبئی کے لئے روانہ ہوئے تھے مگر پراسرار طور پر وہ لاپتہ ہوگئے ہیں۔
پولیس اسٹیشن میں درج کروائی دوسری شکایت کے مطابق اننگور کولمپاڈی کا رہنے والا انصار، اس کی بیوی زینت اور ان کے تین بچے بھی دبئی کے لئے روانہ ہوئے تھے اور وہ تمام لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں۔
بیک وقت 11افراد کی پراسرار گم شدگی کے بارے میں حتمی طور پر ابھی کوئی بات معلوم نہیں ہوئی ہے ، مگر عمومی طور پر یہ سمجھا جارہا ہے کہ شاید وہ دہشت گرد تنظیم ISISکے جال میں پھنس کر یہاں سے فرار ہوگئے ہونگے۔ اس بات کو تقویت گزشتہ سال کے واقعے سے بھی مل جاتی ہے جب پڈنّا کے علاقے سے 15افراد اچانک لاپتہ ہوگئے تھے اور بعد میں پتہ چلاتھا کہ وہ ISISمیں بھرتی ہونے کے لئے سیریا چلے گئے ہیں۔پولیس اس تازہ معاملے سے گہرائی کے ساتھ تفتیش کررہی ہے۔